3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:37
یوایس اوپن: فیڈرر، شراپوا، وینس ولیمز دوسرے راؤنڈ میں
آج نیوز - پانچ مرتبہ کے چیمپئین سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر، روس کی مریہ شراپوا اورامریکا کی وینس ولیمزنے یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ امریکا کے شہر نیویارک میں شروع ہونیوالے سال کے چوتھے اورآخری گرینڈ سلیم کے افتتاحی روزمینز سنگلزمیں تھرڈ سیڈ سوئٹزرلینڈ کے راجر رفیڈررنے کولمبیا کے سانتیاگو گیرالڈو کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ سوئس کھلاڑی نے ایک سوچھ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں چھ چار، چھ تین اورچھ دوسے فتح سمیٹی۔ دوسرے راؤنڈ میں فیڈرر کا مقابلہ اسرائیل کے دودی سیلا سے ہوگا۔ ویمنزسنگلزمیں دومرتبہ کی چیمپئین امریکا کی وینس ولیمزنے روس کی ویسنا ڈولونٹس کواسٹریٹ سیٹس میں شکست دیکردوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ وینس کی کامیابی کا اسکورچھ چاراورچھ تین رہا۔ ان سیڈڈ وینس ولیمزانجری کے باعث دوماہ بعد ایکشن میں نظرآئیں۔ پہلے راؤنڈ کے ایک اورمیچ میں سابق چیمپئین روس کی مریہ شراپوا برطانیہ کی ہیتھرواٹسن کے ہاتھوں شکست سے بچ گئیں۔ ہیتھرنے پہلا سیٹ چھ تین سے جیتا لیکن شراپوا نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اگلے دونوں سیٹ سات پانچ اورچھ تین سے جیت کردوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔