4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:23
یوایس اوپن: نڈال، مرے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئے
آج نیوز - عالمی نمبر دو اسپین کے رافیل نڈال اور اینڈی مرے نے یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ تھرڈ سیڈ روس کی ماریہ شراپوا شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ نیویارک میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلیم ایونٹ کے مینز سنگلز کے دوسرے راوٴنڈ میں عالمی نمبر دو اسپین کے رافیل نڈال نے فرانس کے نکولس مہوت کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے راوٴنڈ تک رسائی حاصل کی۔ فرانسیسی کھلاڑی ابتدائی دو سیٹس ہارنے کے بعد انجری کا شکار ہوگئے اور میچ جاری نہ رکھ سکے۔ ایک اور میچ میں فورتھ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے نیدرلینڈکے رابن ہاس کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کے بعد فتح سمیٹی۔ ڈچ کھلاڑی نے ابتدائی دو سیٹس جیت کر میچ میں اپنی گرفت مضبوط کی۔ جس کے بعد مرے نے کم بیک کیا اور آخری تینوں سیٹس جیت کر میچ اپنے نام کرلیا۔ برطانوی کھلاڑی کی فتح کا اسکور چھ سات، دو چھ، چھ دو، چھ صفر اور چھ چار رہا۔ ویمنز سنگلز کے تیسرے راوٴنڈ میں سابق ورلڈ نمبر ون روس کی ماریہ شراپوا کو اٹلی کی فلیویا پیناٹا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اٹالین کھلاڑی نے چھ تین، تین چھ اور چھ چار کے اسکور سے شراپوا کو زیر کیا۔