تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:11

کراچی: دو مبینہ ٹارگٹ کلرز گرفتار، 5قتل کا اعتراف، لاش برآمد

آج نیوز - کراچی میں شارع نور جہاں اور لائنز ایریا سے دو مبینہ ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلئے گئے۔ ایک ملزم کی نشاندہی پر نارتھ کراچی سے لاش برآمد کرلی گئی۔ کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے لائنز ایریا سے پانچ افراد کے قتل کے الزام میں ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق مبینہ ٹارگٹ کلر شہروز کو لائنز ایریا میں چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے پانچ افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ایس پی راجا عمر خطاب کے مطابق مبینہ ٹارگٹ کلر کی نشاندہی پر نارتھ کراچی سیکٹر فائیو میں مکان سے لاش برآمد کی گئی ہے۔ قتل کے بعد لاش ٹی وی کے ڈبے میں چھپائی گئی تھی۔ مقتول کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت افتخار بھٹی کے نام سے ہوئی۔ مقتول کو صبا سینما کے قریب سے اغواء کیا گیا تھا۔ پولیس نے مالک مکان اور دیگر افراد سے تفتیش کر کے معلومات حاصل کیں۔ مبینہ ٹارگٹ کلر شہروز کا کہنا ہے اس کے تین چار ساتھی اور بھی ہیں، لیکن اس نے یہ نہیں بتایا ان افراد کو قتل کیوں اور کس کے کہنے پر کیا گیا۔ مبینہ ٹارگٹ کلر نے کسی سیاسی تنظیم سے تعلق کا اعتراف نہیں کیا۔ دوسری جانب شارع نور جہاں سے پولیس نے مبینہ ٹارگٹ کلر راشد بلوچ کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق راشد بلوچ کا تعلق اکرم بلوچ گروپ سے ہے اور یہ گروپ تئیس افراد کے اغواء اور قتل میں ملوث ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.