4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:59
سندھ، پنجاب، بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
آج نیوز - محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز میں کراچی سمیت سندھ،مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ شدید بارشوں سے مزید سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ سندھ، بلوچستان کے مشرقی حصوں اور جنوبی پنجاب میں اکثر مقامات جبکہ ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ کراچی سمیت سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں وقفے وقفے سے اگلے تین روز تک جاری رہے گا جس سے سندھ میں مزید سیلابی صورتحال اور بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب ڈیرہ غازی خان ڈویڑن کے ندی نالوں میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ سندھ اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش نوابشاہ میں ستر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔