13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:54
سیاسی حکومتیں کبھی بند گلی میں داخل نہیں ہوتیں،ڈاکٹرفردوس
آج نیوز - وفاقی حکومت نے این آر او پر سپریم کورٹ کا چھٹا آپشن پارلیمنٹ میں استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سیاسی حکومتیں کبھی بند گلی میں داخل نہیں ہوتیں،کسی کی خواہشات پر وزیر اعظم کو گھر نہیں بھیجا جا سکتا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عملی شہادتیں دی ہیں۔ ہمیں سیاسی شہادتوں کی ضرورت نہیں، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حکومتیں کبھی بند گلی میں داخل نہیں ہوتیں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت اور اتفاق رائے سے کرتی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں کوئی بحران نہیں ہے۔ اداروں کو اپنے دائرہ کار میں کام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ ہے، اس لئے عدالت کے آپشن کو استعمال کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹس کو کسی بھی ادارے کی تباہی کا باعث بنتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اگر عوام کے حقوق کی محافظ بنتی ہے تو آرٹیکل چھ کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں دیدے۔