13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:54
ٹکراوٴ نہیں چاہتے ، گیلانی اور آرمی چیف مدت پوری کرینگے،پی پی
آج نیوز - پیپلز پارٹی کی پارلیمانی قیادت نے واضح کیا ہے کہ وہ اداروں میں ٹکراؤ نہیں چاہتے ٹکراؤ بربادی کا راستہ ہے اس کی طرف کوئی نہیں جارہا، نہ ہی وزیر اعظم کو ہٹایا جارہا ہے۔پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم کے حق میں قرارداد کی حمایت حاصل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا کے گرما گرم سوالوں کا جواب دیتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمیٹیرینز کے سیکریٹری جنرل راجا پرویز اشرف نے کہا کہ سوئس حکومت کو خط لکھنے کی کوئی تجویز ان کے علم میں نہیں۔اس سوال پر کہ سپریم کورٹ کی طرف سے چھ آپشن ملنے کے بعد کیا گیلانی کی جگہ نیا قائد ایوان منتخب کیا جارہا ہے یا جلد انتخابات کرائے جائیں گے پرویز اشرف نے کہا کہ ان آپشنز پر لارجر بنچ میں دفاع کریں گے۔اس سوال پر کہ موجودہ حالات میں کیا آرمی چیف اور صدر کی ملاقات ہوسکتی ہے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اگر ملاقات ہوئی تو معمول کی بات ہوگی، وزیر اعظم کی طرف سے آرمی چیف پر مس کنڈکٹ کے سنگین ترین الزام اور آئی ایس پی آر کے غیر معمولی جواب پر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا جس سے ٹکراؤ نظر آئے۔ آرمی چیف اپنی مدت پوری کریں گے۔خورشید شاہ سے سوال کیا گیا کہ انہیں گیلانی کی جگہ وزیر اعظم بنایا جارہا ہے تو راجا پرویز اشرف اور نوید قمر مسکرا دئیے اور خورشید شاہ نے جواب دیا وزیر اعظم کو کیا ہٹائیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے بیان کو کھلی دھمکی میڈیا قرار دے رہا ہے ہم اداروں میں ٹکراؤ نہیں چاہتے۔ مسلم لیگ ن سے بھی رابطہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ کی خود مختاری کے لئے سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔