13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:54
ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل جلد انتخابات ہیں،نواز
آج نیوز - مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل جلد انتخابات ہیں، کل قومی اسمبلی میں کوئی نیا کھیل کھیلنے کی کوشش کی گئی تو مذاحمت کریں گے۔رائے ونڈ لاہور میں مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ این آر او پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومتی رویئے نے ملک کو نئے بحران سے دوچار کر دیا ہے، عدلیہ کے فیصلوں پر عمل نہ کرنا حکومت نے اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن کا راج ہے جبکہ حکومتی معاملات چلانے کے لئے نئے نوٹ چھاپے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی طرف سے صدر اور وزیراعظم کو آئینی تقاضے پورے نہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے کے بعد چاہیے تھا کہ عدلیہ کے فیصلوں پر عمل ہوتا لیکن افسوس حکومت مہم جوئی کی ایک نئی منصوبہ بندی کر رہی ے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت کی نزاکت کا احساس کریں اور حکومت سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تمام جماعتوں پر ذمہ داری عائد کرتا ہے کہ وہ سیاسی تدبر کا مظاہرہ کریں۔ نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل انتخابات کو قرار دیا اور کہا کہ صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی ملک کی تقدیر سے مزید نہ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس میں اگر کوئی نیا کھیل کھیلا گیا تو اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بقاء کے لئے عدلیہ کے فیصلوں پر عمل کرنا ناگزیر ہے، وہ کسی کو اجازت نہیں گے کہ وہ قوم سے اس کی منزل چھینے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان اداروں کے درمیان محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔