13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:56
مجھے اعتماد کے ووٹ کی ضرورت نہیں، وزیراعظم
آج نیوز - وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ مجھے اعتماد کے ووٹ کی ضرورت نہیں، مجھے اٹھارہ کروڑ عوام نے منتخب کر کے اس ایوان میں بھیجا ہے، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، ہم سے بھی ہوئی ہوں گی۔ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ہم این آر او سے نہیں آئے نہ ہم این آر او کے لئے آئے ہیں، ہم اس لئے بھی یہاں نہیں آئے کہ آپ ہمیں فوج سے بچائیں، ہم اداروں سے ٹکراؤ کے لئے بھی نہیں آئے، یہ غلط فہمی دل سے نکال دیں کہ ہم سیاسی شہید ہونے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پانچ سال برداشت نہیں ہو سکتے تو آئینی ترمیم لے آئیں، ترمیم لے آئیں کہ پارلیمنٹ یا صدر یا وزیراعظم کی مدت اتنی ہو گی، ترمیم لے آئیں کہ پاکستانی عوام میں پانچ سال کی قوت برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ زندہ آدمی کی کوئی اہمیت نہیں، یہ لوگ مرنے کے بعد ہی قدر کرتے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی نے اس موقع پر ایک شعر بھی پڑھا "عمر بھر سنگ زنی کرتے رہے اہل وطن،،، یہ الگ بات ہے کہ دفائیں گے اعزاز کیساتھ"۔ ان کا کہنا تھا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، ہم سے بھی ہوئی ہوں گی، غلطی کا یہ مطلب نہیں کہ اس کی سزا پارلیمان یا جمہوریت کو ملے۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت میں تو کوے بھی جمع ہو جاتے ہیں، ہم تو پارلیمنٹ ہیں۔