13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 10:31
جولائی تا نومبر: غیرملکی سرمایہ کاروں کے منافع میں 56 فیصد اضافہ
آج نیوز - رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے منافع اور ڈویڈنڈ کی مد میں پینتالیس کروڑ ڈالر بیرون ملک ارسال کئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے نومبر دو ہزار گیارہ تک غیرملکی سرمایہ کاروں کے منافع میں چھپن فیصد اضافہ ہوا اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے منافع اور ڈویڈنڈ کی مد میں پینتالیس کروڑ ڈالراپنے وطن ارسال کئے۔ گذشتہ سال اس عرصے میں اٹھائیس کروڑ اسی لاکھ ڈالر ترسیل کئے گئے تھے۔ سب سے زیادہ آٹھ کروڑ بیس لاکھ ڈالر کا منافع توانائی کے شعبے کی جانب سے ارسال کیا گیا۔ دوسرے نمبر پر ٹرانسپورٹ کا شعبہ رہا جس نے چھ کروڑ بہتر لاکھ ڈالر منافع بیرون ملک ارسال کیا۔ جس کی وجہ سے اس دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے بیالیس فیصد اور فارن پورٹ فولیو انویسٹمنٹس سے ایک سو نو فیصد آؤٹ فلو ریکارڈ کیا گیا۔