13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 10:48
ہیم ٹیکسٹائل نمائش: پہلے روز پاکستانی ٹیکسٹائل برآمد کنندگان مایوس
آج نیوز - جرمنی میں منعقدہ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل نمائش کا پہلا روز پاکستانی ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کیلئے مایوس کن رہا۔گزشتہ برآمدی معاہدوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر خریدار نئے آرڈرز دینے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عارف توصیف نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہیم ٹیکسٹائل نمائش پاکستانی ایکسپورٹرز کیلئے خاصی اہمیت کی حامل ہے لیکن بدقسمتی سے اس سال ملک میں توانائی کے بحران اور گیس و بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ سے صنعتی اداروں میں پیداواری عمل بری طرح متاثر ہوا اور پاکستانی ایکسپورٹرز اپنے غیر ملکی برآمدی آرڈرز کو بروقت مکمل نہ کرسکے اور خریداروں کو وعدے کے مطابق ٹیکسٹائل مصنوعات کی ترسیل نہ ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نمائش کے پہلے روز زیادہ تر خریدار پاکستان سٹالز پر بحث و تکرار میں مصروف رہے۔ رانا عارف نے موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی صنعتوں کو گزشتہ پندرہ روز سے غیر معینہ مدت کیلئے گیس کی سپلائی بند ہے۔ دوسری طرف بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے پیداواری عمل تباہی کے کنارے پہنچ چکا ہے۔