13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:0
موجودہ حکومت نے ہمیشہ آئین و قانون کا مذاق اڑایا، چوہدری نثار
آج نیوز - قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہتے ہیں کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ آئین و قانون کا مذاق اڑایا ،اب وقت آگیا ہے اپوزیشن اس حکومت کے ساتھ اپنی زبان میں بات کرے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے اور ایبٹ آباد واقعے پر اسمبلی ہنگامی اجلاس نہیں بلایا گیا تو اب ایسی کون سی قیامت آگئی کہ ہنگامی اجلاس بلانا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بتائے اسے کس سے خطرہ ہے، آرمی چیف کو بھی توسیع موجودہ حکومت نے خود دی۔ اس موقع پر انہوں نے یہ شعر بھی پڑھا۔ "کیوں اداس پھرتے ہوئے سردیوں کی شاموں میں،،،اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں" ،،،اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم حکومت اور جمہوریت کے دشمن نہیں، آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، حکومت نے خود ہمیشہ آئین و قانون کا مذاق اڑایا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں چار نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو چکی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ اپوزیشن حکومت سے اپنی زبان میں بات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث خوار ہو رہے ہیں اور حکومت اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہے۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لائی گئی تو بھرپور مخالفت کریں گے۔