13 جنوری 2012
وقت اشاعت: 22:0
حزب اختلاف کی جماعتوں کی گرینڈ الائنس کی طرف پیش قدمی
آج نیوز - حزب اختلاف نے گرینڈ الائنس کی طرف پیش قدمی کا آغاز کر دیا، مسلم لیگ ن سمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں نے فوری نئے انتخابات سمیت چار نکات پر اتفاق کر لیا۔فوری انتخابات کو ممکن بنانے کے لیے مسلم لیگ نواز نے سیاسی کوششیں تیز کردیں۔ مشاورت کا عمل اب دیگر سیاسی جماعتوں تک بھی پھیلادیا گیا ہے۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان، قاضی حسین احمد، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ، گوہر ایوب،ساجد میر،پروفیسر خورشیداورحاصل بزنجو کو ظہرانے پر بلایا اورانہیں ان آپشنز پر بریفنگ دی جن پر مسلم لیگ نواز غور رہی ہے۔ مشاورت کے بعد ایک نکتے پر تو سبھی رہنما متفق تھے کہ فوری انتخابات ملک کو درپیش مسائل کا حل ہے۔فوری انتخابات پر تو سب راضی ہوگئے تو اگلا مرحلہ تھا کہ حکومت سے کیسے نجات حاصل کی جائے۔ سب سیاسی رہنما سرجوڑ کر بیٹھے اور تحریک عدم اعتماد، لانگ مارچ اور دیگر آپشنز پر غورکیا گیا۔جب نئے انتخابات کی بات ہوئی تو سب نے زوردیا کہ انتخابات سے پہلے آزاد اور خودمختارالیکشن کمیشن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔حکومت کے کردارپر تو سبھی نے تنقید کی اور اس کے خاتمے کے طریقوں پر غوربھی کیا لیکن ایک بات پر سبھی متفق تھے کہ تبدیلی غیرآئینی طریقے سے نہیں آنی چاہیے۔سابق امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اداروں میں تصادم کی فضا ختم ہونی چاہیے جبکہ انتخابات کے لیے حکومت پربھی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔