14 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:49
نیب ایکشن میں آگیا،متعدد مقدمات ری اوپن
آج نیوز - قومی احتساب بیورو نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں متعدد مقدمات ری اوپن کردیے۔ نیب نے سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کو لاہور سے گرفتار کر لیا جبکہ کئی ملزمان کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق اسماعیل قریشی کو لاہور میں مال روڈ کے علاقہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اسماعیل قریشی پر الزام ہے کہ انہوں نے عدنان خواجہ کو او جی ڈی سی کا ڈائریکٹر تعینات کیا جبکہ انکی شہرت ایک کرپٹ شخصیت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اسماعیل قریشی کو گرفتاری کے بعد راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے احمد ریاض شیخ، عدنان خواجہ، راجہ احسن، طاہر شہباز اور اخلاق جیلانی سمیت کئی دیگر ملزمان کو نیب اتھارٹی کے سامنے پیش ہونے کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بعض افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ نوٹسز ملنے پر جو لوگ نیب اتھارٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے انہیں گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مارے جائیں گے۔