تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:0

پرتھ ٹیسٹ:بھارتی ٹیم پر شکست کے بادل

آج نیوز - آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ بھارتی ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر ایک بار پھر سنچریوں کی سنچری سے محروم رہے۔پرتھ میں جاری ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی آسٹریلیا ہی کے نام رہا۔ میزبان ٹیم نے اننگز ایک سو انچاس رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی اور بھارت کی پہلی اننگز کا ایک سو اکسٹھ رنز کا اسکور بنا کسی نقصان کے برابر کردیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ایڈ کوآن نے مہمان بالرز کی جم کر درگت بناتے ہوئے پہلی وکٹ کے لئے دو سو چودہ رنز کی شراکت قائم کی۔ وارنر بیس رنز کی کمی سے ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے، وہ ایک سو اسی رنزبناکر شرما کا شکار بنے۔ایڈ کوآن نے چوہتر رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم تین سو انہتر رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شان مارش گیارہ، رکی پونٹنگ سات اور مائیکل کلارک نے اٹھارہ رنزبنائے۔ امیش یادو نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دو سو آٹھ رنز کے خسارے کے ساتھ بھارت نے دوسری اننگز شروع کی تو ٹاپ آرڈر بیٹسمین ایک بار پھر ناکام ہوگئے۔ گھمبیر چودہ، سہواگ دس اور لکشمن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی بالرز نے ٹنڈولکر کو سنچریوں کی سنچری بنانے سے ایک بار پھر محروم کردیا۔ وہ آٹھ رنزبناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ بھارت نے کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں چار وکٹوں پر اٹھاسی رنزبنالئے ہیں اور انہیں ابھی بھی ایک سو بیس رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.