14 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:48
سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسمٰعیل قریشی کی مشروط رہائی کا حکم
آج نیوز - راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اسمعٰیل قریشی کی مشروط رہائی کا حکم دے دیا۔ نیب حکام نے گزشتہ روز لاہور سے حراست میں لئے گئے اسماعیل قریشی کو ریمانڈ کیلئے راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج طارق عباسی کے روبرو پیش کیا۔ اسماعیل قریشی کے وکیل نے عدالت میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی نقل پیش کی جس میں اسمعٰیل قریشی کو معزز شخص قرار دیا گیا تھا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ جب وہ نوٹس لیکر اسمعٰیل قریشی کے پاس گئے تو انہوں نے خود نوٹس وصول کرتے ہوئے تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ جب اسمعٰیل قریشی خود تعاون کررہے ہیں تو انہیں گرفتار کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ نیب پراسیکیوٹر چوہدری ریاض نے بھی عدالتی موٴقف کی تائید کی۔ جس پر عدالت نے اسمعٰیل قریشی کی مشروط رہائی کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے اسمعٰیل قریشی کو نیب حکام سے تحقیقات میں تعاون کی ہدایت کی اور کہا کہ اسمعٰیل قریشی کا وارنٹ برقرار رہے گا اور اگر دوران تحقیقات ان کیخلاف ٹھوس ثبوت ملے تو نیب انہیں کسی بھی وقت دوبارہ گرفتار کرسکتا ہے۔ عدالتی حکم پر اسمعٰیل قریشی نے نیب سے تعاون کرنے کا حلف نامہ بھی جمع کرادیا۔