14 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:0
ن لیگ نے حکومتی قرارداد میں ترمیم کا مسودہ اسمبلی میں جمع کرادیا
آج نیوز - مسلم لیگ ن نے حکومت کی پیش کردہ قرارداد میں ترامیم کا مسودہ قومی اسمبلی میں جمع کرادیا۔ ن لیگ نے اپنی ترامیم میں تجویز دی ہے کہ مجوزہ قرارداد میں حکومت کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ عدلیہ کے تمام فیصلوں اور پارلیمنٹ کی قراردادوں پر عمل کرے۔ تمام انتظامی فیصلوں میں قانون و آئین کو ملحوظ رکھے۔ انتظامی معاملات خوش کن انداز میں چلائے اور اداروں سے تصادم سے گریز کیا جائے۔ ن لیگ کی تجویز کردہ دوسری ترمیم میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ عوامی مسائل بالخصوص گیس بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی ، بیروزگاری اور کرپشن کے کنٹرول کیلئے اقدامات کرے۔ ن لیگ کے مطابق حکومتی قرارداد میں کہا گیاہے کہ حاکمیت عوام کے پاس ہے جبکہ آئین پاکستان کے مطابق حاکمیت صرف اللہ کے پاس ہے اور ایسی اتھارٹی اللہ کے نام پر عوام استعمال کرسکتے ہیں لہٰذا مجوزہ قرارداد میں یہ ترمیم بھی کی جائے۔