14 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:31
لاہور: ہلال احمر کے سیکرٹری نے کرپشن چھپانے کیلئے فائلیں چرا لیں
آج نیوز - لاہور میں انجمن ہلال احمر کے سیکرٹری نے کروڑوں روپے کی کرپشن چھپانے کے لئے فائلیں چرا لیں۔انجمن ہلال احمر کی طرف سے جاری کی جانے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سیکرٹری بریگیڈیئر ریٹائرڈ سلیم سات جنوری کی رات دس بجے کے بعد فاطمہ جناح روڈ پر واقع اپنے آفس آئے اور ایک ملازم اشرف سے کباڑخانے میں چھپائی گئی فائلیں منگوائیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق اشرف اور چیف سکیورٹی آفیسر اسماعیل نے فائلیں لا کر ان کی گاڑی میں رکھیں، جس کے بعد بریگیڈئر سلیم چلے گئے۔ ملازم اشرف کا کہنا ہے کہ اس نے یہ سب سیکرٹری کے کہنے پر کیا تھا۔انجمن ہلال احمر کے چیئرمین زاہد بشیر سے جب فائلوں کی چوری کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ واقعے کی انکوائری کے بعد بریگیڈیئر سلیم کو معطل کر دیا گیا ہے۔ہلال احمر کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ رفاہی ادارہ ہے، بدعنوانی میں ملوث کسی بھی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں سخت سے سخت سزا دے کر عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔دوسری طرف فنانس مینجر نوشین نعیم نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اورہراساں کرنے پر چیئرمین زاہدبشیر اور گلوکار وارث بیگ کے خلاف مقدمہ درج کروادیاہے۔