14 جنوری 2012
وقت اشاعت: 21:52
تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرناہوگا،وزیراعظم
آج نیوز - وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے مگر قومی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔کئی دنوں کی کشیدگی کے بعد آج پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں ایک میز پر اکٹھی ہوئی۔ اجلاس میں دفاع، داخلہ، خارجہ، خزانہ، پیداوار اور اطلاعات کے وفاقی وزراء، سیکریٹری خارجہ او سیکرٹری دفاع، چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی کو بھی بلایا گیا۔ اجلاس کا ایجنڈا تو امریکا اور نیٹو سے تعلقات تھا لیکن وزیر اعظم شرکاء کو یہ یاد کرانا نہیں بھولے کہ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ تمام اداروں کو مضبوط بنائیں گے، جمہوریت قومی اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد گار ہے ،دہشتگردی کے خلاف ملک میں مکمل قومی اتفاق رائے موجود ہے اور پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ امریکا اور نیٹو کے ساتھ تعلقات کا از سر نو جائزہ قومی امنگوں کے مطابق ہوگا، وزیر اعظم کے بعد ڈائریکٹر جنرل ملٹری اپریشنز نے شرکاء کو سلالہ چیک پوسٹ پر چھبیس نومبر کے حملے کے بارے میں امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کی رپورٹ پر بریفنگ دی۔