13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:1
اندرون سندھ میں ریکارڈ بارش سے چہرے کھل اٹھے
اے آر وائی - کراچی : ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔سندھ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ سب سے زیادہ بارش مٹھی میں ریکارڈ کی گئی ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں میں جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے ریگستانی علاقے تھر میں بارش سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ، سب سے زیادہ بارش مٹھی میں 231 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، ایک طویل انتظار کے بعد بارش سے تھر کے لوگ بارش سے خوب لطف اندوز ہوئے ، اس کے علاوہ کاشتکاری کے لئے بھی زمین موزوں ہو گئی ۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات عارف محمود نے کہاہے کہ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ سندھ میں جاری ہے۔
کراچی میں بھی موسم ابرآلود ہے۔ بعض علاقوں میں ہلکی بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیاہے۔ دوسری جانب حیدرآباد ، بدین ، نوشہروفیروز اور میرپورخاص میں وقفے وقفے سے ہلکی بونداباندی کاسلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔