13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:9
آئین سےانحراف: ترمیمی درخواست دائر کی جائے لاہور ہائیکورٹ
اے آر وائی - لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے خلاف آئین سے انحراف کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد درخواست گزار کو ترمیمی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی ۔
درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمام اختیارات صدر کے ہاتھ میں ہیں اور وزیراعظم چیف ایگزیکٹو ہونے کے باوجود ان کے احکامات پر عمل کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جان بوجھ کر عدلیہ کو تضحیک کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کی بجائے ان کے خلاف جلوس اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ حکومت کا یہ عمل آئین سے غداری کے مترادف ہے۔
جسٹس عمرعطا بندیال نے سماعت کرتے ہوئے قرار دیا کہ سپریم کورٹ آئین اور عوام کے حقوق کا تحفظ کررہی ہے تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عمل کریں۔ عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت کے ریفرنس کے بغیر بھی غداری کا مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ درخواست میں ترمیم کی جائے کہ کس قانون کے تحت عدالت وزیر اعظم کو نااہل قرار دے سکتی ہے۔