13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:9
کوئی ایک سیاسی جماعت ملک کو تنہا چیلنجز سے نہیں نکال سکتی
اے آر وائی - اسلام آباد: وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں وہ پاکستان کی وجہ سے ہیں ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے ، ملک کو اسو قت کئی چیلنجز کا سامنا ہے جس کا مقابلہ کو ئی سیاسی جماعت اکیلے نہیں کرسکتی، ملک کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں او ر کوئی ان کی طرف میلی آنکھوں سے نہیں دیکھ سکتا۔ فوج سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں 11اگست کے تاریخی دن کے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری شناخت پاکستان ہے۔ 11اگست کو اقلیتوں کے لئے بھی دن منا رہے ہیں، قائداعظم کی قیادت میں پاکستان جمہوری انداز میں قائم کیاگیا ہم سب پاکستان کی وجہ سے ہیں پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اگر پاکستان نہیں توآج ہم کچھ بھی نہ ہوتے۔
قائداعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے برصغیر کے تمام مسلمانوں کو اکٹھا کیا۔ انہوں نے ہمیں وژن دیاا ن کی سوچ پارلیمانی نظام حکومت تھا وزیراعظم نے ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے قائداعظم کی سوچ کو آگے بڑھایا۔ قائداعظم نے صوبائی خودمختاری کی بات کی۔ پارلیمنٹ بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جس نے 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختار بنایا۔ اس وقت ملک کو مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔ دہشتگردی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پاکستانی قوم ایک باہمت قوم ہے جس نے دہشتگردی، سیلاب جیسی مصیبت کا سامنا کیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ایک سیاسی جماعت ملک کو اس چیلنج سے باہر نکال سکتی ہے تو یہ غلط ہے۔ کوئی بھی جماعت اکیلے ان چیلنجز سے نہیں نمٹ سکتی۔ اگر ہم سب اکٹھے ہوجائیں تو کراچی کی صورتحال بہتر ہوسکتی ہے ہم سب کو اس موقع پر عزم کا اظہار کرنا چاہیے کہ ہم سب ایک ہیں پاکستان کے ایٹمی ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں کوئی انہیں میلی آنکھ سے ہمارے ایٹمی ہتھیاروں کو نہیں دیکھ سکتا۔ پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کرنے کیلئے ہروقت تیار ہے۔