13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:10
چیئرمین سینٹ سے ایرانی وفد کی ملاقات
اے آر وائی - اسلام آباد: چیئر مین سینٹ فاروق ایچ نائیک نے زور دیا ہے کہ پاکستان اور ایران باہمی دوستی پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط اور مستحکم کریں تاکہ دوستی اور بھائی چارے کاموجودہ مضبوط رشتہ مزید مستحکم ہو۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے پاک ایران فرینڈ شپ گروپ کے چیئر مین اور مجلس شورٰی اسلامی میں ترقیاتی کمیشن کے سربراہ علی اکبر آغائی سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران چیئر مین سینٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی خواہشات اور طاقت کا مظہر ہے۔
دوستی اور بھائی چارے کے ان مضبوط رشتوں کو دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین قریبی پارلیمانی روابط کے زریعے مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا اوردونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاک ایران فرینڈ شپ گروپ کے چیئر مین علی آغائی نے چیئر مین سینیٹ کو ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر علی لاریجانی کی جانب سے اکتوبر میں ایران میں فلسطین کی حمایت کیلئے منعقد ہونیوالی پانچویں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی بھی دعوت دی ، ملاقات کے دوران پاکستان میں ایران کے سفیر ماشاء اللہ شاکری بھی موجود تھے۔