تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:12

سرفرازشاہ کیس:مجرم اہلکارکو پھانسی،باقی کوعمرقید

اے آر وائی - کراچی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے رینجرز کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان سرفراز شاہ کیس کا فیصلہ سنا دیا ۔ عدالت نے نوجوان سرفراز شاہ پر فائرنگ کرنے والے رینجرز کے اہلکار شاہد ظفر کو سزائے موت جب کہ باقی چھ اہلکاروں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔



عدالت نے شاہد ظفر پر دو لاکھ جب کہ باقی ملزمان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ دوسری جانب ملزمان کے وکلا نے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کا اعلان کیا ہے۔ سرفراز شاہ ہجرت کالونی کا رہایشی تھا جسے آٹھ جون کو کراچی کے بے نظیر بھٹو پارک میں ریجرز کے اہلکاروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔ واقعے کا سپریم کورٹ نے دس جون کو از خود نوٹس لیا تھا۔



عدالتی فیصلے کے بعد مقتول سرفراز شاہ کے اہلخانہ کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ وہ عدالتی فیصلے پر خوش ہیں ، سرفراز شاہ کے والدہ نے کہا کہ ابھی آدھا انصاف ملا ہے ، چیف جسٹس سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ فیصلے پر عمل کرائیں ، والد نے کہا کہ عدالت نے میرٹ پر فیصلہ دیا ہے اور آگے بھی میریٹ پر ہی فیصلہ ہو گا ۔



سرفراز کے بھائی سالک شاہ نے کہا کہ ان کے بھائی کے قاتلوں کو سزا چیف جسٹس آف پاکستان کے نوٹس لینے کے بعدملی اس سے قبل پولیس ملزمان کو بچا رہی تھی ۔ اس موقع پر سرفراز کے لواحقین کے وکیل محمد خان نے کہاہے کہ عدالت نے تسلیم کیاہے کہ سرفراز کا قتل دہشتگردی تھا۔عدالت نے سرفراز کو گولی مارنے والے رینجرز اہلکار شاہد ظفر کو سزائے موت کی سزاسنائی ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.