13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:12
ہر بات پر لانگ مارچ نہیں کریں گے، نوازشریف
اے آر وائی - لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہاہے کہ ہر بات پر لانگ مارچ نہیں کریں گے، حکومت کو سیاسی شہید بنانا نہیں چاہتے‘ بدقسمتی سے جمہوریت نے ابتک عوام کوکچھ نہیں دیا‘ اگر پاکستان کے تمام مسائل کا راستہ انقلاب ہے تو پوری طرح اس کے لئے تیار ہیں‘نوجوان آگے آئیں وہ ان کے پیچھے چلیں گے ۔
ایوان وزیر اعلی میں نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مسائل اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ اب ان کا واحد حل شاید انقلاب ہے اور وہ اس کے لئے تیار بھی ہیں‘ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے کا حل لانگ مارچ نہیں ہوتا لیکن اگر پاکستا ن کو اس کی منزل تک لیکر جانے کی بات آئے گی تو وہ ایک لانگ مارچ تو کیا بہت سے مزید اقدامات کرنے کو بھی تیار ہیں۔
نوجوانوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ لوڈ شیدنگ کے متعلق جواب تو موجودہ حکمران ہی دے سکتے ہیں لیکن یہ غفلت نہیں بلکہ مجرمانہ فعل ہے اور اس کی معافی نہیں۔ میاں نواز شریف نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جمہوریت کا ثمر نہیں ملا اور اگر زلزلہ زدگان کے پیسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں لگائے جا رہے ہیں تو وہ اس کے سخت خلاف ہیں‘میاں نواز شریف نے کہا کہ ملکی خودمختاری داو پر لگی ہے ، آمریت نے ملکی ترقی کا راستہ روکا جبکہ حکومت کی بیڈ گورننس جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔
نوازشریف نے کہاکہ 1999 میں پاکستان کے روپے کی قدرسارک ممالک کی کرنسی سےزیادہ مستحکم تھی‘ پاکستان کی ترقی کی رفتار آٹھ فی صدر تھی جو ایشیا سمیت دنیا کے کئی ممالک سے زیادہ تھی‘ انہوں نے کہا کہ آمریت نے ملکی ترقی کو روک دیا ، اگر جمہوری حکومت کے زیر سایہ ترقی کی شرح برقرار رہتی توآج ملک کو لوڈ شیڈنگ اور انتہاپسندی جیسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا‘ عدلیہ سے محاذ آرائی اور بیڈ گورننس نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے اور ملکی خود مختاری داو پر لگی ہوئی ہے‘انہوں نے کہاکہ کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کی وجہ سے آج کا نوجوان زیادہ سمجھدار ہے۔ نوجوانوں کو ملکی ترقی کے لیے آگے بڑھ کر حکومت کی رہنمائی کرنا چاہیے۔