13 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:14
قوم پرستوں کی ہڑتال،کراچی میں ہنگامے ایک ہلاک
اے آر وائی - کراچی: کمشنری نظام کے خاتمے کیخلاف قوم پرستوں کی آج ہڑتال کی کال۔ کراچی کے مختلف علاقوں میںہنگامہ آرائی ، ایک مسافر زندہ جل گیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی کے دوران ٹاور میں منی بس کو آگ لگا دی گئی، ایک مسافر زندہ جل گیا اور متعدد شدید زخمی ہوگئے ہیں ۔ شہر میں مجموعی طور پر چھ گاڑیوں کو آگ لگائی گئی ہے۔ ٹاور، مائی کلاچی روڈ، الآصف اسکوائر سہراب گوٹھ اور نیپا چورنگی میں گاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔ کھڈہ مارکیٹ ڈفینس اور زمزمہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد دکانیں بند کردی گئیں۔ جبکہ الہ دین پارک میں نامعلوم افراد نے جھولوں کو آگ لگادی۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے گاڑیاں جلائے جانے پر عزیز بھٹی اور اسٹیل ٹاؤن تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کردیا ہے۔ صدر کے علاقے البرہان سینٹر میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے کئی افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ جبکہ حیدرآباد میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی گاڑی سمیت تین گاڑیوں کو آگ لگادی گئی ہے جبکہ شام سے ہی شہر میں مارکیٹ بند ہونا شروع ہوگئیں۔
سندھ میں کمشنری نظام کے خاتمے کیخلاف آج دی گئی ہڑتال کی کال پر حیدرآباد میں حالات کشیدہ ہیں۔ افطار کے بعد سے ہی شہر میں صورتحال خراب ہونا شروع ہوگئی تھی۔ رات گئے تک کھلے رہنے والے بازار شام سے ہی بند ہوگئے۔ کشیدگی کے باعث شہر میں شدید خوف و ہراس ہے۔