تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:32

ملک میں جشن آزادی کی تقریبات جاری

اے آر وائی - اسلام آباد : قوم آج چونسٹھواں جشن آزادی مکمل جوش و جذبے سے منارہی ہے ، جشن آزادی کے سلسلے میں ملک کے طول عرض میں ریلیاں اور تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، وفاقی دارلحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارلحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا ۔



رات بارہ بجتے ہی کراچی، لاہور, پشاور، کوئٹہ ، اسلام آباد اور ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہر وں میں جشن کا آغاز ہوگیا، چھوٹے بڑے شہروں میں عمارتوں کو برقی قمقموں جبکہ گلیاں اور بازار سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیئے گئے ۔ بارہ بجتے ہی نوجوان ، بچے اور بڑے سڑکوں پر نکل آئے اور رقص اور نعروں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا ، اس موقع پر شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا ۔



دن کا آغاز مساجد، گرجا گھروں اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں ملک و قوم کی سلامتی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعاوں سے ہوا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔ لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں بھی توپوں کی سلامی کی تقریب ہوئی۔ جس کے منتظم پاک فوج کے کرنل ندیم اسلم بیگ تھے۔ اس موقع پر بھرپور جوش و جزبے کے مناظر دیکھنے میں آئے، اور سپاہیوں نے اللہ ہو اکبر کے نعرے لگائے۔ کراچی میں بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور مزار کے محافظ دستے کے طور پر اپنے فرائض سنبھالے۔



لاہور میں شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی گارڈز تبدیلی کی تقریب ہوئی جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار کے محافظ دستے کے طور پر اپنے فرائض سنبھالے۔گیریڑن کمانڈرلاہور میجر جنرل ملک ظفر اقبال نے مزا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک بھارت سرحد واہگہ پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرانے کی شاندار تقریب ہوئی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میاں محمد بلال نے پاکستانی پرچم لہرا یا اس موقعے پر فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر سے گونج اٹھی۔ اور جوانوں کے جذبے نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.