14 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:24
گورنر و وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری
اے آر وائی - کراچی : جشن آزادی کے موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور صبح 8 بجکر 59 منٹ پر پرچم کشائی کی اور صبح 9 بجے سائرن بجائے گئے جس کے ساتھ ہی قومی ترانہ پڑھا گیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے وزراءمنظور وسان، آغا سراج درانی، ندیم بھٹو، مشیر صدیق ابو بھائی، حاجی مظفر شجرہ، امتیاز شیخ، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں میں سید سردار احمد، رضا ہارون، رؤف صدیقی، عادل صدیقی، بابر غوری، وسیم احمد، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی وزیر امیر خان، مسلم لیگ (ق) کے رہنما و صوبائی مشیر حلیم عادل شیخ، اعجاز شاہ شیرازی سمیت ڈی سی او کراچی محمد حسین سید، ایڈمنسٹریشن کراچی فضل الرحمان لالہ، آئی جی سندھ واجد علی درانی کے علاوہ سفارت کار بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پرچم کشائی اور ترانہ کے بعد مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مزار قائد پر رکھی ہوئی تاثراتی کتاب میں اپنے خیالات قلمبند کئے۔ یوم آزادی کے موقع پر اسکولوں کی بچیوں نے قومی پرچم لہراتے ہوئے ملی نغمے گائے، مزار قائد پر موجود تمام لوگوں نے ان کے ملی نغموں کو سراہا۔ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے اسکولوں کی بچیوں کے پاس خصوصی طور پر جا کر انہیں شاباش دی۔