25 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:0
وزیر دفاع سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات
اے آر وائی - وفاقی وزیر دفاع چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس اتحادی سپورٹ فنڈ کے فوری اجرا سمیت دفاعی سازو سامان کی فراہمی کے لیے امریکی حکومت کو قائل کرے تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں۔
یہ بات انہوں نے امریکی سینیٹر رابرٹ پیٹرک کیسی کی سربراہی میں امریکی کانگریس کے ایک وفد سے کہی جس نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا تاہم اس کے لیے بین الاقوامی برادری کو فوجی اور مالیاتی مدوں میں تعاون کرنا ہوگا۔
وزیر دفاع نے امریکی وفد کو نائن الیون کے بعد مختلف فوجی آپریشنز کے نتیجے میں معیشت کو پہنچنے والے بھاری نقصانات اور سیکورٹی فورسز سمیت بڑے پیمانے پر سولین شہادتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر امریکی وفد نے پاکستان کے تعاون کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ ریمنڈ ڈیوس اور اسامہ بن لادن کے پس منظر میں رونما ہونے والے واقعات سے پیدا ہونے والی غلط فہمیاں مشترکہ کوششوں سے دور ہوں گی۔