27 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:20
شہباز تاثیر کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن جاری
اے آر وائی - لاہور: ڈی آئی جی آپریشن غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ سابق گورنر سلمان تاثی کے صاحبزادے شہباز تاثیر کی بازیابی کیلئے شہرکے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے آپریشن کیا جارہا ہے،جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کامیابی کے قریب ہیں
سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو جمعہ کو صبح ساڑھے10 بجے گھر سے دفتر جاتے ہوئے ایم ایم عالم روڈ سے نامعلوم مسلح افراد نے اغواءکرلیا۔ جس کے بعد قانوں نافذکرنیوالے ادارے حرکت میں آگئے۔
شہباز تاثیر اپنی رہائش گاہ کیولری گراؤنڈ سے اپنی گاڑی میں دفتر گلبرگ جارہے تھے کہ بغیر نمبر پلیٹ دو موٹرسائیکل سواروں نے ان کی گاڑی کے آگے موٹر سائیکل کھڑی کی اور اسلحہ کے زور پر باہر نکال کر پیچھے آنے والی کالے رنگ کی پراڈو گاڑی میں بٹھا کر اغواءکرلیا ۔اغواءکار جاتے ہوئے مغوی کا لیپ ٹاپ ، پاسپورٹ اور دو موبائل گاڑی میں ہی چھوڑ گئے اور کچھ فاصلے پر اپنی رائفل بھی پھینک گئے۔ شہباز تاثیر کے ڈرائیور کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اور فنگر پرنٹس حاصل کرکے مغوی شہباز تاثیر کی خالہ عالیہ ٹیمی حق کے بیان پر نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کرکے دو مشکوک افراد کو واقعہ کے چار گھنٹے بعد حراست میں لے لیا، جنہیں تفتیش کے بعد چھوڑدیا گیا۔
سی سی پی او لاہور ملک احمد رضا طاہر اور دیگر پولیس افسران نے موقع پر میڈیا کو بتا یا کہ اس واقعہ کے بعد لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کردی ہے اور ہائی وے اور موٹر وے پر کالے رنگ کی گاڑی کو چیک کیا جارہا ہے ۔