3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:29
سندھ میں طوفانی بارش ، انیس افراد جاں بحق
اے آر وائی - سندھ میں مختلف اضلاع میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی ہے ۔ شکارپور ،نوشہروفیروز ، ٹنڈوالہیار،دادواورٹنڈو محمد خان میں چھتیں گرنے کے واقعات میں تین کم سن بچوں سمیت انیس افرادجاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں ۔
شکارپور کے گاؤں مرزاپور میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنےسے تین بچے جاں بحق اور ان کے ماں باپ زخمی ہوگئے ۔مکان کی چھت گرنے کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا ۔ ٹنڈوالہیار اور ٹنڈومحمد خان میں بھی چھتیں گرنے کے واقعات میں سات افراد جاں بحق اور متعددزخمی ہوگئے جبکہ نوشہروفیروز میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی ۔ طوفانی بارش کی وجہ سے کچے مکانات بڑی تعداد میں منہدم ہوگئے ۔
نوشہروفیروز میں بارش کی وجہ سے سو سے زائد کچے مکانات منہدم ہوئے ۔ خیرپور میں بھی بارش نے تباہی مچادی ۔ شہر کی سڑکیں پانی کے تالاب بن گئی ہیں ۔ بارش کا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ۔ نواحی گاؤں خاصخیلی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوئے ۔
دادو ضلع میں بارش کی وجہ سے مکانات کی چھتیں منہدم ہونے سے سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔کاچھو کے علاقے میں ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔