3 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:30
باجوڑ ایجنسی : طالبان نے اغواء کی ذمہ داری قبول کر لی
اے آر وائی - باجوڑ : پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں افغان سرحد کے اس پار سے اغواء ہونے والے بچوں کو یرغمال بنانے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔اس سے پہلے جمعہ کو باجوڑ ایجنسی میں حکام کا کہنا تھا کہ افغان سرحد پار کرنے والے تیس بچوں کو طالبان نے اغواء کر لیا ہے جب کہ کئی بھاگ کر واپس آنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
غلطی سے سرحد عبور، طالبان نے تیس بچے یرغمال بنا لیے ۔آج تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ایک نامعلوم مقام سے غیر ملکی نیوز ایجنسی کوٹیلیفون کر کے بتایا کہ وہ اس موقع کے انتظار میں تھے کہ عید کی خْوشیاں منانے کے لیے مانوند قبائل کے بچے ان پہاڑوں میں سیر و تفریح کے لیے آئیں گے تو ان کو اغواء کر لیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ جن بچوں کو اغواء کیا گیا ہے ان کی تعداد پچیس ہے اور ان کی عمریں اٹھارہ سے بیس سال تک بتائی جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جن بچوں کو اغواء کیا ہے ان کے والدین باجوڑ ایجنسی میں حکومت کے حامی سردار یا ملک ہیں اور وہ امن کمیٹیوں میں شامل بتائے جاتے ہیں۔ طالبان ترجمان کے مطابق بچوں کے مستقبل کا فیصلہ باجوڑ ایجنسی میں طالبان کے مرکزی شوریٰ کریگی اور اس سلسلے میں شوریٰ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔