4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:23
کراچی : سپریم کورٹ سوموٹو کیس کی سماعت کل کرےگی
اے آر وائی - کراچی میں بدامنی سے متعلق سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت عید کی تعطیلات کے بعد پیر کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوگی۔
کراچی میں سپریم کورٹ کا لارجر بینچ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں پیر کو کراچی میں بدامنی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ دیگر ججز میں جسٹس انور ظہیر جمالی ، جسٹس سرمد جمال عثمانی ، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس میاں ربانی شامل ہیں۔
گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس دئیے کہ ایمر جنسی کاقیام نہیں چاہتے ، ہو بنیادی حقوق کا تحفظ وزیر اعلی اور حکومت کی ذمہ داری ہے،وہ ادا نہیں کریں گے تو عدالت مداخلت کرے گی۔کراچی رجسٹری میں گزشتہ دو سماعتوں میں آئی جی سندھ واجد درانی اور حکومت کی جانب سے وکیل عبد الحفیظ پیرزادہ نے اپنے دلائل مکمل کئے۔
عبدالحفیظ پیر زادہ نے جرائم کی وجہ غیرملکیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر رینجرز اور پولیس کو مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے تو جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ آئی جی سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں پولیس بھی نہیں جا سکتی تاہم ہم ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ بینچ نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ وہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری پر اپنی رپورٹ پیش کریں جبکہ اٹارنی جنرل کو انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ پیش کرنے حکم دیا ہے۔
پیر کو کیس میں فریق اے این پی کے وکیل افتخار گیلانی اپنے دلائل دیں گے دیگر فریقین میں جماعت اسلامی ، سندھ بچاؤ کمیٹی ، عوامی تحریک ، کراچی بار ایسوسی ا یشن اوردیگر فریق شامل ہیں۔