4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:44
لاہوررنگ روڈکاکام میں نےکیا ، تختیاں شہبازشریف کےنام کی
اے آر وائی - وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ لاہور رنگ روڈ کا بیشتر کام اُن کے دورِ حکومت میں مکمل ہو چکا تھا لیکن نام نہاد خادمِ اعلیٰ صرف رنگ روغن کر کے اور پودے لگا کر اپنے نام کی تختیاں نصب کر رہے ہیں ۔
لاہور میں پاکستان مسلم لیگ کے کارکن سلیم چٹھہ کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی حاجی اسحاق کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ لاہور رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ پر کام آخری مرحلے میں تھا جب حکومت چھوڑی ۔
اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے برسر اقتدار آتے ہی کام روک دیا اب وہ فائنل ٹچ دے کر اس کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ شہباز شریف کے کریڈٹ پر عوامی فلاح کا کوئی ایک میگا پراجیکٹ نہیں ہے ۔