تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:44

سندھ میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی،29ہزاردیہات متاثر

اے آر وائی - سندھ میں بدین ،میرپورخاص، عمرکوٹ،مٹیاری ،سانگھڑ ،دادواور ٹھٹھہ سمیت دیگرشہروں میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔انتیس ہزار سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد دوسوچھپن ہوگئی ہے۔ بارشوں کے بعد صوبے میں ملیریا کے اکاون ہزارکیسز رپورٹ ہوئے ۔



نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے باعث صوبہ سندھ میں انتیس ہزار سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ڈھائی سو سے زائد افراد جاں بحق اور تریپن لاکھ سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔بارشوں اور اس کے نتیجے میں سیلاب سےسب سے زیادہ متاثر ہونے والاضلع بدین ہے۔جہاں چھ ہزار دیہات کے دس لاکھ سے زائدافراد متاثر ہوئےہیں ۔ ایل بی او ڈی سیم نالے کے اطراف ضلع بدین اورمٹھی کے ہزاروں دیہات زیرآب ہیں۔ضلع بھرمیں کوئی ایسا مقام نہیں بچاجہاں خیمے لگائے جاسکیں،ہزاروں متاثرین نے سڑک کے دونوں جانب پڑاؤ ڈال دیا ہے۔



سانگھڑ میں قبرستان بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔لوگوں کو اپنے پیاروں کی تدفین کیلئے زمین کا خشک ٹکرا دستیاب نہیں۔ سانگھڑ میں حکومت کی جانب سے امداد نہ ملنے پرمتاثرین نے شدید احتجاج کیا اور مدد کی اپیل کی۔ عمرکوٹ کے امدادی کیمپوں میں بارش کے بعد وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں ۔آلودہ پانی پینے سےپیٹ اور جلد کے امراض پھیل رہے ہیں۔



نوابشاہ میں بارش متاثرین نے امداد نہ ملنے کے خلاف سانگھڑ روڈ پرٹائرجلاکر سڑک بلاک کردی ۔ ٹنڈومحمد خان میں شدید بارشوں کے باعث پانی کھڑا ہونے سے امدادی سرگرمیاں معطل ہیں ، اورسولہ سو دیہات مکمل طور پر زیر آب ہیں ، بیشتر علاقوں کا دوسرے علاقوں سے رابطہ منقطع ہے۔



دادو میں بارش کی وجہ سے سول اسپتال میں دو فٹ پانی جمع ہے ، جس سے ضلع بھر سے آنے والے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامناہے۔ نوشہروفیروز بھی بارش سےشدید متاثر ہوا ہے۔ نشیبی علاقے اور درجنوں گوٹھ زیر آب آگئے ہیں۔ مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ٹھٹھہ میں بارش کے بعد میرپوربٹھورومیں متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔پانی میں محصور افرادمکانات کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں ۔ سیلاب سے متاثر سندھ کے مخٹلف اضلاع میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہے اور پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کےساتھ کھانے پینے کی اشیاء بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.