11 جنوری 2012
وقت اشاعت: 4:53
پیر پگارا کے انتقال پرسندھ حکومت کا 3روزہ سوک
اے آر وائی - حروں کے روحانی پیشوا شاہ مرداں شاہ المعروف پیرصاحب پگارا لندن میں رضائے الہی سے انتقال کرگئے۔ سندھ حکومت نے پیرپگارا کے انتقال پر تین روزہ سوگ اور مسلم لیگ فنکشنل نے تیس دن تنظیمی سرگرمیاں معطل اور چالیس روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔
پیرصاحب پگارا لندن کے ولنگٹن اسپتال میں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث زیرعلاج تھے ان کی عمرتراسی برس تھی۔ڈاکٹروں کے مطابق پیر صاحب پگارا کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے سے ہوا۔ ڈاکٹروں نے جان بچانے کی کوشش کی مگر دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ پیرپگارا کے جسد خاکی کو لندن کے علاقے ارلزکورٹ میں غسل دیاگیا۔ پیرپگارا کے جسد خاکی کو جنازے کے بعد جمعرات کی صبح پی آئی اے کی پروازکے ذریعے کراچی لایاجائے گا۔
شاہ مرداں شاہ کے انتقال کی خبرسنتے ہی مریدوں میں صف ماتم بچھ گئی۔کراچی میں کنگری ہاؤس پر مریدوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ پیر جوگوٹھ میں لوگوں نے دھاڑیں مار مار کر رونا شروع کردیا۔ حروں کے روحانی پیشوا کو درگاہ شریف پیر جوگوٹھ میں سپردخاک کیاجائے گا۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت سیاسی رہنماؤں نے پیر پگارا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا۔ صدرزرداری نے حروں کے روحانی پیشوا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیر صاحب قومی سرمایہ تھے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ وزیراعظم گیلانی نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ قوم آج ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے پیرصاحب پگارا کے انتقال پر صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اپنے پیشوا کے انتقال پر چالیس روزہ سوگ منائے گی۔ پیرصاحب پگارا کے چھوٹے صاحبزادے پیرصدرالدین شاہ راشدی لندن میں موجود ہیں اور اپنے والد کے جسد خاکی کے ہمراہ جمعرات کی صبح واپس آرہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے لندن میں پیر صدرالدین شاہ سے ملاقات کی اور ان کے والد گرامی کے انتقال پر تعزیت کی۔