12 جنوری 2015
وقت اشاعت: 23:1
کرپٹ اشرافیہ نے 68سال سے ملکی وسائل پر قبضہ جما رکھا ہے،سراج الحق
جیو نیوز - چیچہ وطنی.........امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ نے68 سال سے ملکی وسائل پر قبضہ جما رکھا ہے، اسٹیٹس کو کی مخالف جماعتوں کو متحد کرکے اسکے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے۔چیچہ وطنی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ایسانظام چاہتے ہیں جس میں عدالتیں انگریزی کتب کے بجائے قرآن پاک کے مطابق فیصلے کریں، حکومت نے سول عدالتوں کی طرف سے سنائی گئی پھانسی کی سزاؤں پرخود عملدرآمدنہیں کرایا، حکمراں عوام کے جان ومال اور آبرو کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ان کے اقتدار سے چمٹے رہنے کا کوئی جواز نہیں، مدارس پر لگائے گئے الزامات کا حکومت آج تک کوئی ثبوت نہیں دے سکی۔