تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 جنوری 2015
وقت اشاعت: 6:34

امریکاکا آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے 25 کروڑ ڈالرامداد کا اعلان

جیو نیوز - اسلام آباد......امریکانے آئی ڈی پیز کی بحالی کےلیے 25 کروڑ ڈالرامداد کا اعلان کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہاہے کہ طالبان ، حقانی نیٹ ورک اور لشکرطیبہ دنیا بھر کےلیے خطرہ ہیں،دہشت گردوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے جبکہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا،پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کررہاہے۔ پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات کے بعد دفتر خارجہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے پاکستان حقانی نیٹ ورک اور دوسرے گروپس کے خلاف کارروائی کرے، حقانی نیٹ ورک،لشکرطیبہ پاکستان،امریکااوردوسرے ممالک کیلئے خطرہ ہیں۔ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی پر امریکا کو تشویش ہے، دونوں ممالک سفارتی ذرائع سے مسائل حل کریں ،تعلقات کو مثبت طریقے سے آگے بڑھاناپاکستان اوربھارت دونوں کےمفاد میں ہے۔ جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو صرف دہشت گرد ہی سمجھنا ہوگا ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی تعاون جاری رہے گا، پاکستان نے ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ جان کیری نے کہا کہ افغانستان میں بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات مستحکم کرنا چاہتے ہیں،اسٹرٹیجک مذاکرات پاک امریکا دوستی کو مضبوط کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اورافغانستان کےتعلقات میں بہتری پرخوشی ہے،افغانستان میں امریکا کا کردار کمزور ہوا،لیکن ختم نہیں ہوا ،چاہتے ہیں پاکستان اور افغانستان میں جمہوریت مضبوط ہو ۔ جان کیری نے کہا کہ سانحہ پشاور پر امریکی حکومت اور عوام کو بہت دکھ ہوا ہے۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستان کا تحفظات کا اظہارکیا اور کہا کہ کشمیر کے بغیرپاک بھارت مذاکرات کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ فاٹا میں تعمیر ترقی کےلیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی ضرورت ہے ،فاٹا میں آپریشن کے دوران بہت نقصان ہوا ،آئی ڈی پیز کی واپسی میں 10سے 12 ماہ لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں مربوط اورمضبوط آپریشن شروع کررکھاہے،پاکستان نےمغربی سرحد پر امن کیلئے ایک لاکھ 70 ہزار فوج تعینات کی۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کےخلاف بلاتفریق کارروائی کررہاہے،ضرب عضب میں حقانی نیٹ ورک کا کمانڈاینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کردیا۔ مشیر خارجہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال اور امن و امان کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.