13 جنوری 2015
وقت اشاعت: 10:24
جان کیری کی جنرل راحیل سے ملاقات ، دو طرفہ امور پر گفتگو
جیو نیوز - راولپنڈی........آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے ملاقات کی۔ جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عزم اور آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور امریکی سیکرٹری خارجہ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ اس کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات کی گئی۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال ، پاک امریکا تعلقات اور افغانستا ن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم کو سراہا اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں پر پاک فوج کو مبارباد پیش کی۔ اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جان کیری کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ آرمی چیف نے گزشتہ برس اپنے دورہ امریکہ کے دوران بھی امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری سے ملاقات کی تھی۔