تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 جنوری 2015
وقت اشاعت: 12:32

ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری

جیو نیوز - اسلام آباد.......... ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، برف باری کے دلدادہ مری پہنچ گئے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں صبح کے وقت ہلکی بارش کے بعد دوپہر کو ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو آہستہ آہستہ تیز ہوتا گیا اور ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ پہلی برف باری کو انجوائے کرنے کے لئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری میں ڈیرے ڈال دیئے اور یخ بستہ ہواؤں کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ وادی سوات کے پرفضا مقام مالم جبہ اور کالام میں بھی پہلی برف باری کے ساتھ ہی سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ درجہ حرارت منفی 2 تک پہنچ گیا ہے۔باجوڑ ایجنسی اور گردونواح میں تیز بارش اور پہاڑوں پر ہونے والی برف باری نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں سرما کی پہلی برکھا برسی تو دھند چھٹ گئی۔ فیصل آباد ، جھنگ ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، چیچہ وطنی، کمالیہ، بہاولپور ، بھکر اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش کے ساتھ ہی موسم مزید سرد ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی خیبرپختون خوا ، بالائی وسطی پنجاب میں بارش جبکہ کشمیر سمیت گلگت بلتستان اور مری، گلیات، پارہ چنار اور مالاکنڈ ڈویژن کے پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.