21 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 21:0
اسلحے کی بوریاں لیکر پشاور آنیوالے 2 مبینہ دہشتگرد گرفتار
جیو نیوز - پشاور.......اسلحےکی بوریاں اٹھاکر خیبرایجنسی سے پشاور میں داخل ہونے والے دو مبینہ دہشت گرد پکڑے گئے ، محرم میں بڑا حملہ کرنا چاہتے تھے ، ایک ملزم فرار ہوگیا ۔
ملزمان سیکورٹی فورسز پر حملوں،امامیہ مسجد حیات آباد میں دھماکے اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بم ، پستول، واکی ٹاکی سیٹ اور کارتوس برآمد کرلیے گئے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق اسلحہ کی بوریاں اٹھائے تین دہشت گرد خیبر ایجنسی سے پشاور میں داخل ہورہے تھے۔ دو دہشت گردوں کو سیکورٹی اہلکاروں نے قابو کرلیا جبکہ ان کا تیسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ، پستول، دیسی ساختہ بم، واکی ٹاکی سیٹ اور کارتوس برآمد کرلئے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے امامیہ مسجد حیات آباد پر حملے کے ملزموں کی معاونت، ٹارگٹ کلنگ، سیکورٹی فورسز اور نیٹو کنٹینرز پر حملوں اور ایس ایچ او تھانہ ناصر باغ کو شہید کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ملزمان کے مطابق وہ محرم کے دوران امامیہ مسجد کی طرز پر بڑا حملہ کرنا چاہتے تھے۔