تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 22:59

کراچی میں فائرنگ سے 2پولیس اہلکارجاں بحق

جیو نیوز - کراچی......نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے 2 پولیس اہل کارشہید کر دیے گئے ۔ پولیس اہلکار ولی بابر قتل کیس کے مقتول پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کے اہلخانہ کی سیکیورٹی پر بھی تعینات رہ چکے تھے۔

پولیس اہلکاروں کے قتل میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ، پہلے بھی ٹارگٹ کلنگ کی 4 وارداتوں میں استعمال ہوچکا ہے۔ پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ 18 اور 26 جنوری کو ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملے میں بھی استعمال کیا جاچکا ہے۔جبکہ اسی اسلحے سے نیوٹاؤن میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا اور عزیز بھٹی کے علاقے میں اسی اسلحے سے پیپلزپارٹی کے کارکن دانش کو قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 2 عینی شاہدین کے بیان قلم بند کیے گئے ہیں۔عینی شاہدین کہتے ہیں ،موٹرسائیکل چلانے والے ملزم نے ہیلمٹ اورگولی چلانے والے ملزم نے چہرے پر ہرے رنگ کا ماسک لگا رکھا تھا۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے مطابق مقتول اہلکار، شہید صحافی ولی بابر قتل کیس کے مقتول پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کے اہلخانہ کی سیکیورٹی پر بھی تعینات رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ نے پولیس اہلکارو ں کے قتل کا نوٹس لے کر آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔جبکہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.