28 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 4:36
زلزلے سے اموات کی تعداد 272 ہو گئی
جیو نیوز - اسلام آباد.......زلزلے کے بعد متاثرین نئے امتحان میں ہیں ۔ پہلے سروں پر موجود چھت گئی، پھر سرد موسم نے آلیا ۔ متاثرین اپنے تباہ حال آشیانوں کی دوبارہ تعمیر میں مصروف ہیں۔زلزلے سے ہلاکتوں کی تعدا د272 ہو گئی ہے ۔حکومتی اداروں اورپاک فوج کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
26 اکتوبر کو پاکستان میں زمین چند لمحات کے لئے ادھر ادھر ہوکر پرسکون ہوگئی ۔ لیکن اس پر بسنے والے مکین اب بے سکون ہوگئے ہیں ۔
دن ہو یا رات ، متاثرین اپنے گرے ہوئے گھروندوں میں سے مال و متاع کی تلاش میں سرگرداں نظر آتے ہیں ۔زلزلے نے فاٹا اور خیبرپختونخو میں شدید تباہی پھیلائی ۔ صرف ضلع سوات میں 700 گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئے۔ تاہم یہ ابھی ابتدائی تخمینہ ہے ۔ جانی نقصان بھی بڑھ رہا ہے ۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد میں مزید 91 افراد لائے گئے جن میں شدید اور معمولی دونوں نوعیت کے زخمی افراد شامل تھے۔
لینڈ سلائڈنگ کے باعث پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ کٹ گیاہے ،جن کی بحالی کے لئے کام جاری ہے۔
دوسری جانب مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اورپاک فوج کے جوان زلزلہ متاثرین کے دکھ کم کرنے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،باجوڑایجنسی اورغذرسمیت قبائلی علاقوں میں بھی متاثرین کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لیے پاک فوج نے امدادی سرگرمیاں تیز کردی ہیں جبکہ اسپتالوں میں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔