29 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:18
بلدیاتی انتخابات : پنجاب کے 3 ہزار 551 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار
جیو نیوز - لاہور.......بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب کے ساڑھے تین ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر طاہر منصور خان نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب کے 3 ہزار 551 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ، 8 ہزار 300 حساس جبکہ 4 ہزار 415 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے ، پہلے مرحلے کے لیے 16 ہزار 266 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے گئے ہیں۔
شہروں کے حساب سے نظر ڈالیں تو جن شہروںمیں پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ان میں لاہور کے 839،فیصل آباد 1029،گجرات 182،چکوال 265،بھکر 53،ننکانہ صاحب 125،قصور 265،پاکپتن 250،اوکاڑہ 99 ،لوددھراں 121،وہاڑی 274 اور بہاول نگر کے 49 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ۔
لاہور میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر طاہر منصور خان نے جیو نیوز کو بتایاکہ پولنگ کے روز لائسنس اسلحہ یا غیر لائسنس اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی ، پولنگ کے روز ریلی نکالنے والوں کو گرفتار کرلیا جائے گا ، پولنگ اسٹیشن کے اندر پولیس تعینات ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ نہیں کرسکتے ، جبکہ میڈیا نمایندوں کو بھی کیمرے اور موبائل فونز پولنگ اسٹیشنز کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔