تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
31 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 13:32

وزیراعظم نے لاہور کے علاقے سرائے سلطان میں ووٹ ڈالا

جیو نیوز - لاہور......وزیراعظم نواز شریف نے لاہور کی یونین کونسل نمبر 70 سرائے سلطان میں اپنا ووٹ ڈالا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری عمل ہی کے نتیجے میں وجود میں آیا اور جمہوریت ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی آمد سے پہلے ہی سرائے سلطان میں مدرس البنات کے پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگی کارکن اور ووٹر بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے ہاتھ ہلا کر اپنے مداحوں کے نعروں کا جواب دیا۔ وہ پولنگ اسٹیشن کے اندر گئے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرا جمہوریت پر مکمل ایمان ہے اور جمہوریت ہی ہمارا مستقبل ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری عمل کے نتیجے میں ہی وجود میں آیا۔ جمہوری عمل میں پاکستانی عوام کی بھرپور شرکت سے ان کے آئین اور قانون کی حکمرانی کے سلسلے میں عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری اقدار سے جڑے رہنے کے علاوہ ملک میں ترقی کا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔وزیراعظم کی آمد پر سیکیورٹی کی خاطر پولنگ پچیس منٹ کے لیے روک دی گئی جب کہ ووٹروں کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالنے کی شکایت بھی سامنے آئی۔ اس پر پیپلز پارٹی کی سرگرم جیالی اور سابق ایم پی اے ساجدہ میر نے احتجاج اور نعرے بازی شروع کر دی تاہم بعد میں صورتِ حال پر قابو پا لیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.