31 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 19:0
بلاول بھٹو زرداری نے پہلی بار ووٹ کا حق استعمال کیا
جیو نیوز - لاڑکانہ.......پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پہلی مرتبہ ووٹ کا حق استعمال کیا ۔ انہوں نے اپنا پہلا ووٹ لاڑکانہ میں ڈالا ۔ بلاول کی آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔
بلاول بھٹو کی آمد سے پہلے ہی لاڑکانہ کے میجرمجاہدمیرانی شہیداسکول میں انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی تھی۔ جیالوں کے نعروں کے شور میں بھٹو خاندان کے وارث پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے ۔پولنگ آفیسر کو اپنا شناختی کارڈ دیا لیکن اس میں درج تفصیلات کسی اور نے درج کروائیں۔
اس دوران بلاول جب جب ممکن ہوسکا حامیوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔ پولنگ اسٹیشن پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔اپنے سیاسی کیرئیر میں پہلا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے بلاول بھٹو کے چہرے پر مسکراہٹ نمایاں تھی۔
اس دوران پولنگ اسٹیشن کے باہر پیپلزپارٹی شہیدبھٹو کےکارکنوں نے نعرےبازی کی جس کا جواب پیپلزپارٹی کےکارکنوں نے اُسی انداز میں دیا۔