2 نومبر 2015
وقت اشاعت: 3:47
کراچی : مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 3 ملزم ہلاک
جیو نیوز - کراچی.......کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 3 ملزمان ہلاک ہو گئے ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جناح اسپتال سے شک پر زیر علاج شخص کو حراست میں لے لیا ۔
ایس ایس پی سٹی ڈسٹرکٹ فدا حسین کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں گینگ وار شیراز کامریڈ گروپ کے انتہائی مطلوب ملزم رانا کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپا مارا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہوگیا۔ملزم رانا ایم پی اے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کے قتل سمیت 15 قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
موچکو کے علاقے میں پولیس مقابلے میں 7 افراد کے قتل میں ملوث ملزم ہلاک ہوگیا۔نیو ٹائون کے علاقے شرف آباد میں پولیس مقابلے میں زخمی ملزم اختر علی جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
رات گئے گلستان جوہر موڑ کے قریب فائرنگ سے زخمی شخص عمیر عباس کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، عمیر پر لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے کا شبہ ہے، اورنگی ٹائون کے علاقے اقبال مارکیٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی گارڈن شہلا رضا قریشی کے مطابق گارڈن پولیس نے اسٹریٹ کرمنل محمد آصف کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا گیا۔