4 نومبر 2015
وقت اشاعت: 23:47
حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہوگی، نثار کھوڑو
جیو نیوز - کراچی.......سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے معاملے پر فوج کو اپنی مدد کے لئے بلا رہے ہیں۔جبکہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہوگی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں امن وامان سے متعلق اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ 19 نومبر کو سندھ کے 15 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 5 ہزار571پولنگ اسٹیشنز حساس اور 2ہزار 820حساس ترین ہیں۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے خصوصی فورس قائم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی جبکہ چیف سیکریٹری سندھ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں فوج کو مدد فراہم کرنے کی درخواست کریں گے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ خیرپور واقعے پر افسوس ہے۔ امید ہے آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔ حکومت پولنگ اسٹیشن کے تقدس اور ووٹر کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔