7 نومبر 2015
وقت اشاعت: 6:20
سندھ کے چار اضلاع میں معطل کی گئی پولنگ 14 نومبر کو ہوگی
جیو نیوز - کراچی.......بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سندھ کے چار اضلاع اور پنجاب کی مختلف یونین کونسلوں کی 85 نشستوں پر معطل کئے گئے انتخابات 14 نومبر کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع گھوٹکی،جیکب آباد،خیرپور اور قمبر شہداد کوٹ میں کونسلر، چیئرمین وائس چیئرمین ،ممبر ضلع کونسل اوروارڈ کونسلر کا انتخاب ہو گا ۔31 اکتوبر کو پہلے مرحلے میں پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی اور دیگر وجوہات کی بنا پر پولنگ روک دی گئی تھی ۔
ضلع قمبر شہداد کوٹ میں 11 پولنگ اسٹیشن پر مختلف عہدوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ ضلع گھوٹکی میں یونین کونسل اور وارڈز پرممبران کے انتخاب کے لیے 9 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں ۔ ضلع خیرپور میں درازا شریف یونین کونسل،پیرجو گوٹھ، میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پولنگ روکی گئی تھی۔
پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مختلف وجوہات کی بنا پر پولنگ منسوخ کی گئی تھی ۔ وہاں مختلف یونین کونسلوں کی 85 نشستوں میںچیئرمین ،وائس چیئرمین اور جنرل کونسلرز کی نشستیں شامل ہیںجن یونین کونسلوں میں دوبارہ انتخابات کرائے جا رہے ہیں وہاں بیلٹ پیپرز غلط چھپنے ،یا بیلٹ پیپرز چھینے جانے کے واقعات ہوئے تھے ۔
امیدواروں کی وفات یاکسی اور وجہ سےپولنگ منسوخ ہونےوالی یونین کونسلز میں بھی دوبارہ پولنگ 14نومبر کو ہو گی ۔پولنگ صبح ساڑھے سات بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک ہو گی ۔