9 نومبر 2015
وقت اشاعت: 3:48
کون ہوگا ایوان کا نیا نگراں ؟ فیصلہ آج ہوگا
جیو نیوز - اسلام آباد......قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر کا انتخاب آج کیا جائے گا ۔مسلم لیگ ن کے امیدوار ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے شفقت محمود کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پیپلزپارٹی، ایم کیوایم، جے یوآئی ف اور جماعت اسلامی نے ایاز صادق کو حمایت کا یقین دلایا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق سے ملاقات میں کہا کہ انہیں ووٹ مانگنے کے لیے آنے کی ضرورت نہیں تھی۔
ایم کیوایم بھی اسپیکر شپ کے لیے ایاز صادق کی حمایت کرے گی۔ اس بات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اس سے پہلے ایاز صادق نے اسلام آباد میں ایم کیوایم کے ارکان سے ملاقات کی تھی ۔
جماعت اسلامی نے بھی ایاز صادق کو حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سلسلے میں ایاز صادق نے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ سے ملاقات کی۔ جس کے بعد جماعت اسلامی نے ایاز صادق کو اسپیکر کے لیے ووٹ دینے کا اعلان کیا۔
فاٹا سے اسپیکر شپ کے امیدوار جی جی جمال نے اپنے کاغذات واپس لے لیے ہیں ۔سردار ایاز صادق نے اپنی دوبارہ نامزدگی پر پارٹی قیادت اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا شیخ صاحب جب بدعا دیتے ہیں تو انہیں کامیابی ملتی ہے۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس صبح 9بجے شروع ہوگا۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے عمران خان آج قومی اسمبلی کےاجلاس میں شریک ہوکر ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔