9 نومبر 2015
وقت اشاعت: 4:4
گلاسگو :پاکستانی تاجر کے گھر پر چھاپا،9 لاکھ پاونڈز برآمد
جیو نیوز - گلاسکو......گلاسگو میں کسٹمز حکام نے پاکستانی تاجر کے گھر اور شو روم پر چھاپے مار کر 9 لاکھ پاؤنڈز برآمد کرلیے۔ امین مرزا پر آمدنی چھپانے اور ٹیکس چوری کےالزامات ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی تاجر امین مرزا کے خلاف 40لاکھ پاونڈز مالیت کے ٹیکس فراڈ کے الزام کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس دوران اسکاٹ لینڈ کے کسٹمز حکام نے ان کے گھر اور شو روم پر چھاپے مارے ۔
تفتیشی حکام یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ 9لاکھ پاؤنڈز مالیت کے نوٹ کاغذ اور پلاسٹک کے تھیلوں میں بھر بھر کر رکھے گئے ہیں۔ امین مرزا نے یہ رقم گھر کے مختلف حصوں اور ایک شو روم میں چھپا رکھی تھی ، کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ انہیں گھر سے 4 لاکھ اور شورروم سے 5 لاکھ پائونڈ ملے ہیں۔
پاکستانی تاجر امین مرزا پر آمدنی چھپانے اور ٹیکس فراڈ کے الزامات ہیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق تفتیشی ٹیم نے 22 اکتوبرکو امین مرزا کے گھر پر چھاپا مارا۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے امین مرزا کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں ۔